بینکاک، یکم دسمبر(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)
متالی راج کی نصف سنچری اننگز اورایکتا بشٹ اور پریتی بوس کی شاندار بولنگ سے ہندوستان نے خواتین ایشیا کپ ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج یہاں سری لنکا کے خلاف 52رنز کی آسان جیت درج کی۔ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں چار وکٹ پر 121رن بنائے اور پھر سری لنکا کو نو وکٹ پر 69رنز ہی بنانے دیا۔اس طرح ہندوستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنی فاتحانہ مہم جاری رکھی۔سلامی بلے باز متالی نے 59گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 62رنز بنا کر ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ان کے علاوہ اسمرتی مندانہ(21)اور ویدا کرشن مورتی(21)نے بھی مفید کردار ادا کیا تاہم وہ رن ریٹ بڑھانے میں ناکام رہی۔سری لنکا کسی بھی وقت ہدف حاصل کرنے کی پوزیشن میں نہیں دکھا اور اس نے باقاعدہ وقفے میں وکٹ گنوائے۔ایکتا نے آٹھ رنز دے کر تین اور پریتی نے 14رنز دے کر تین وکٹ لئے۔سری لنکا کی صرف دو بلے باز دہرے ہندسے تک پہنچ پائی جن میں سے دلانی مڈورا نے سب سے زیادہ 20رن بنائے۔